اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے انکشاف کیا ہے کہ کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ میں ہی مجھ پر واضح کر دیا تھا کہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے اپنے اور بابر کے تعلق سے متعلق بات کی اور بتایا کہ ہم دونوں کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں۔دوران انٹرویو آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ مجھے بابر نے ایشیا کپ میں یہ بولا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جو ٹیم جائے گی وہ ایشیا کپ والی ہی جائے گی، اس کی طرف سے بات چیت ہوتی رہی، ہم دونوں کا تعلق اچھا ہے۔شعیب ملک نے کہا میں ہمیشہ سے اسے اپنا چھوٹا بھائی سمجھتا ہوں، جب جب اسے ضرورت پڑی، چاہے گرومنگ ہو یا کوئی مشورہ، میں ہمیشہ سے اس کے لیے موجود ہوں اور رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ایسا نہیں ہوں کہ کسی وجہ سے ٹیم میں نہیں آیا تو ناراض ہوجاؤں یا منہ بنا لوں، یا اس سے بات نہیں کروں، میں کبھی ایسا کروں گا بھی نہیں، میری دعائیں ہمیشہ اس کے ساتھ ہیں۔شعیب نے کہا میں ہمیشہ یہ چاہوں گا وہ ترقی کرے اور اس کا نام ٹیبل کے ٹاپ پر ہو، مجھے اس سے کوئی گلہ نہیں ہے۔آل راؤنڈر نے یہ بھی بتایا کہ میری اس سے ورلڈ کپ کے بعد اس چیز پر کوئی بات نہیں ہوئی، میں نے خود اس سے تھوڑی دوری اختیار کی تھی، کیونکہ جب ایک بندہ کپتان ہو تو اسے لیڈرشپ کرنے دینا چاہیے۔