اہم خبریں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ کی نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست

کنگسٹاؤن(نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی مینز ورلڈ کپ کے آج کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 31ویں میچ میں نیپال نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیپال کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔

پہلی اننگز
جنوبی افریقہ کی جانب سے رضا ہینڈرکس نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، اس کے علاوہ ٹرسٹن اسٹبس نے 27، مارکرم نے 15 اور ڈی کاک نے 10 رنز بنائے۔

نیپال کی جانب سے کوشل بھٹل نے چار اور دیپیندر سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز
جنوبی افریقہ کے 116 رنز کے تعاقب میں اوپنر آصف شیخ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 49 گیندوں پر 1 چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

نیپال کے انیل شاہ نے ستائیس، کوشل بھٹل نے تیرہ اور سومپال کامی نے آٹھ رنز بنائے۔

ہدف کے دفاع میں جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 19 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا جبکہ اینرچ نوکیا اور ایڈن مارکرم کو ایک ایک وکٹ ملی۔

گروپ ڈی میں شامل نیپال اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کنگسٹاؤن کے آرنوس ویل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔

تین میچوں میں کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ کی ٹیم سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جب کہ نیپال کا ورلڈ کپ میں سفر جنوبی افریقہ کے خلاف شکست سے پہلے ہی ختم ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ آج کا دوسرا میچ نیوزی لینڈ اور یوگنڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔

آج کا تیسرا میچ بھارت اور کینیڈا کے درمیان جبکہ چوتھا میچ انگلینڈ اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،نیوزی لینڈ نے یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

متعلقہ خبریں