اسلام آباد(نیوزڈیسک)کراچی کی فیملی کورٹ شرقی نے اداکار فیروز خان کو بیٹے سلطان کیلئے 50 اور بیٹی فاطمہ کیلئے 30 ہزار ماہانہ دینے کا حکم جاری کردیا۔فیملی کورٹ شرقی نے فیروز خان کے بچوں کی حوالگی اور عبوری اخراجات کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔فیصلے میں عدالت نے فیروز خان کو حکم دیا کہ فیروز بیٹے سلطان کیلئے 50 اور بیٹی فاطمہ کیلئے 30 ہزار ماہانہ دیں گے جب کہ ہر ماہ کی 14 تاریخ سے پہلے بچوں کے اخراجات ادا کردیے جائیں۔عدالت نے فیروز خان کے بیٹے سلطان کی کسٹڈی 5 روز کیلئے باپ کے حوالے کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ بیٹا سلطان 22 دسمبر سے 27 دسمبر تک والد فیروز خان کے ساتھ ہوگا، بطور والد فیروز خان کا حق ہے وہ بچوں کے ساتھ وقت گزاریں تاہم فیروز خان کی بیٹی کی عمر 7 ماہ ہے وہ ماں کے بغیر نہیں رہ سکتی ہے۔ دوران سماعت بچوں کی والدہ علیزے سلطان نے زبانی بتایا کہ ان کا بیٹا سلطان پہلے بھی اپنے والد کے ساتھ رات میں رہ چکا ہے۔اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ جب تک سلطان فیروز خان کے پاس رہے گا فیروز خان اپنا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ عدالتی ناظر کے پاس جمع رہے گا۔بعد ازاں عدالت نے فیروز خان کو ایک لاکھ روپے زیر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیا۔