علی ظفر نے جاوید اختر کے گیتوں کو آواز دیکر محفل میں رنگ جما دیا

لاہور (اے بی این نیوز) معروف بھارتی مصنف، منظر نگار اور شاعر جاوید اختر نے لاہور میں ہونے والے فیض فیسٹیول میں خصوصی شرکت کی تو ان کے اعزاز میں گلوکار علی ظفر نے ایک تقریب کا اہتمام کیا اور انہیں ان ہی کے لکھے ہوئے گانوں سے محظوظ کیا۔ علی ظفر کی جانب سے جاوید اختر کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں پاکستانی فنکاروں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر اس تقریب سے وائرل ہونے والے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان علی ظفر کی سریلی آواز سے تقریب میں شریک جاوید اختر اور دیگر سامعین خوب لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر علی ظفر نے 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم مشعال سے کشور کمار کی آواز میں گایا ہوا گانا زندگی آ رہا ہوں میں پر پرفارم کرکے ماضی کی یادیں تازہ کیں۔ علی ظفر نے ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں انہوں نے جاوید اختر کے سامنے اپنی اہلیہ عائشہ فاضلی کے لئے 1994 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم 1942 ایک لو اسٹوری سے جاوید اختر کا لکھا ہوا اور کمار سانو کی آواز میں گایا ہوا مشہور زمانہ گانا ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا، پیش کیا۔