فیروز خان نے شرمین عبید چنائے کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا

کراچی(نیوزڈیسک) پاکستانی اداکار فیروز خان نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ اداکار نے شرمین عبید چنائے سے مطالبہ کیا کہ وہ اُن کو بدنام کرنے اور بے بنیاد الزامات لگانے پر معافی مانگیں۔فیروز خان نے دعویٰ کیا کہ شرمین عبید نے اُن کا موقف سنے بغیر صرف بے بنیاد الزامات پر اُن کے خلاف نفرت کی مہم چلائی اور لکس اسٹائل ایوارڈ کو واپس کیا۔اداکار نے انسٹاگرام پر لیگل نوٹس کا ایک عکس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شرمین عبید چنائے خود کو ایک تحقیقی صحافی کہتی ہیں جبکہ ان کا عمل دعویٰ کی نفی کرتا ہے۔فیروز خان کے مطابق شرمین عبید نے جھوٹے الزامات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے میرے خلاف مہم چلائی اور انہوں نے ایک مرتبہ بھی میرا موقف سننے کیلئے مجھ سے رابطہ کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔