اسلام آباد(نیوزڈیسک) ٹی وی ہوسٹ وقار ذکا کے وکیل صلاح الدین پنہور نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے اپنی چارج شیٹ میں کرپٹو کرنسی کے کاروبار کا کوئی الزام عائد نہیں کیا بلکہ چارج شیٹ میں الیکٹرونک میڈیا یا سوشل میڈیا میں کرپٹو کرنسی کے موضوع پر بات کرنے کو چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔کرپٹو کرنسی کے غیرقانونی کاروبار کے حوالے سے جاری کیس کے حوالے سے وقار ذکا کے وکیل صلاح الدین پنہور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس کے آغاز میں وقار ذکا کے خلاف کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں متعارف کرانے کے حوالے سے ایک انکوائری ہوئی جس میں ایف آئی اے وقار ذکا کے خلاف کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکی کہ وقار ذکا نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ وقار ذکا اور ان کی قانونی ٹیم پہلے ہی ہائیکورٹ میں کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں قانونی حیثیت دلوانے کے لیے مقدمہ لڑ رہی ہے جس پر بھی اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ سے ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
