کراچی(اے بی این نیوز)اداکارہ حنا طارق نے کہا ہےکہ وہ ہر کام سوچ سمجھ کرکرتی ہیں اور دوران شوٹنگ بھی ایسے مناظر ترجیح ہوتے ہیں جو ان کے والدین بھی آرام سے بیٹھ کر دیکھ سکیں۔
حنا طارق حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شوبز میں اپنے کرداروں اور لباس کے انتخاب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حنا طارق نے کہا کہ ’ایک اداکار کی زندگی صرف شوبز کی زندگی ہی نہیں ہوتی بلکہ اس کی اپنی ایک ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے اور جلد ہو یا دیر ، ہر ادکار کو ایک نہ ایک دن کسی سے شادی کرنی ہوتی ہے‘۔
اداکارہ نے کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں کام کے دوران بھی اس نقطہ نظر کو اپنے ذہن میں رکھتی ہوں کیونکہ ایک عورت پورے معاشرے کو چلاتی ہے، 3 نسلیں ایک عورت پر منحصر ہوتی ہیں، اس لیے میں اپنا ہر کام بہت سوچ سمجھ کر کرتی ہوں‘۔
حنا طارق کا کہنا تھا کہ’میں اپنے لباس کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کرکرتی ہوں، اسی طرح شوٹنگ کے دوران بھی ایسے مناظر کو ترجیح دیتی ہوں جو میرے والدین بھی آرام سے بیٹھ کر دیکھ سکیں‘ ۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ’اگرچہ ہماری شوبز انڈسٹری میں عام طور پر زیادہ بولڈ مناظر دکھائے بھی نہیں جاتے لیکن پھر بھی میں اس حوالے سے بہت محتاط رہتی ہوں اور جو چیز مجھے کردار کے حوالے سے نہیں سمجھ آتی اس کے لیے میں ڈائریکٹر کو انکار کردیتی ہوں‘۔
مزید پڑھیں۔انمول عرف پنکی کے موبائل سے 100 جی بی سے زائد غیر معمولی ڈیٹا مل گیا














