ماہرہ خان نے لندن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات کی، جہاں دونوں شخصیات کے درمیان سماجی خدمات، فلاحی سرگرمیوں اور ذہنی صحت جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ماہرہ خان برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب میں شریک تھیں، جہاں انہیں شاہ چارلس سے ملاقات کا موقع ملا۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار اور یادگار رہی۔ ان کے مطابق شاہ چارلس نے ان کے سماجی اور فلاحی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ان خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہ چارلس مختلف فلاحی سرگرمیوں اور عوامی بہبود کے منصوبوں کے بارے میں بھرپور آگاہی رکھتے ہیں۔ انہوں نے ملاقات کے دوران مسلسل یہ جاننے کی کوشش کی کہ مختلف سماجی منصوبے کس طرح آگے بڑھ رہے ہیں اور معاشرے کی بہتری کیلئے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ماہرہ خان نے مزید بتایا کہ گفتگو کے دوران ذہنی صحت کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی امراض کو بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
معروف اداکارہ نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے ہراسانی اور تشدد کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مسائل کے خاتمے کیلئے اجتماعی سوچ میں تبدیلی ضروری ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی بھی ناگزیر ہے۔
ماہرہ خان کے مطابق شاہ چارلس کے ساتھ یہ ملاقات ان کی زندگی کے یادگار تجربات میں شامل ہو گئی ہے، جس میں مثبت سماجی تبدیلی اور انسانی بہبود جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔















