لاہور(نیوزڈیسک)معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کا ایک خوبصورت خواب پورا ہوگیا۔سجل علی آج کل اپنی بین الا قوامی فلم ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘‘ کی شاندار پزیرائی کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حال ہی میں اپنی اس فلم کے لیسٹر اسکوائر کے اوڈین لکس سینما، لندن میں منعقد کیے گئے رنگا رنگ پریمیئر سے کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔ان تصاویر میں سے ایک تصویر میں اُنہیں بھارتی فلمساز شیکھر کپور کے ساتھ کیمرے کے پوز دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں شیکھر کپور کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی کہ آپ کے ساتھ کام کر کے کتنا اعزاز محسوس کر رہی ہوں۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ آپ کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر چلتے ہوئے اپنی تصاویر دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ ایک خوبصورت خواب تھا۔سجل علی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔