ممبئی (نیوزڈیسک)ایک خاتون میک اپ آرٹسٹ نے فلم پٹھان سے متاثر ہوکر خود کو شاہ رخ خان کے روپ میں ڈھال لیا ۔ کنگ خان کی کاپی کرنے پر سوشل میڈیا صارفین انہیں مختلف تبصروں سے نواز رہے ہیں ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بالی وڈ کی مقبول ترین فلم پٹھان کا جنون ریلیز سے اب تک عروج پر ہے ۔ فلم کے مقبول ٹریکس پر ٹرینڈنگ ریلز بنانے سے لے کر اداکاروں کے روپ اپنانے تک مداح ہر طرح سے شاہ رخ خان پر اپنی والہانہ محبت نچھاور کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔بھارت میں ایک میک اپ آرٹسٹ دکشیتا جندال نے خود کو پٹھان فلم کے شاہ رخ کے روپ میں تبدیل کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ویڈیو کے پس منظر میں پٹھان کا گانا جھوم جو پٹھان سنائی دیتا ہے ۔ ویڈیو میں لڑکی چہرے پر میک اپ کرتی دکھائی دیتی ہے ۔ اس نے چند سیکنڈ میں ہی خود کو شاہ رخ کے روپ میں ڈھال لیا۔انسٹاگرام پر 2 لاکھ سے زیادہ فالوورز رکھنے والی دکشیتا جندال کی یہ ٹرانسفارمیشن ویڈیو وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ 9 ملین سے زائد ویوز اور 6 لاکھ سے زائد آراء حاصل کرچکی ہے ۔سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے اس کی ٹرانسفارمیشن کی تعریف کی جبکہ بیشتر صارفین ٹرولنگ کرتے دکھائی دیے۔ایک صارف نے لکھا کم آنچ پر پکا ہوا شاہ رخ خان ۔ایک اور نے لکھا فلم جوان میں تمہیں بھی کاسٹ کیا جائے گا، گھبرائیں نہیں۔دکشیتا جندال اس سے قبل امیتابھ بچن اور ریکھا سمیت کئی مشہور شخصیات کی ٹرانسفارمیشن ویڈیو بھی بنا چکی ہیں ۔















