اہم خبریں

رجب بٹ کی سالگرہ میں اہلیہ کی عدم موجودگی، مداحوں نے سوالات اٹھا دیئے

لاہور (اے بی این نیوز)پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی سالگرہ کی تقریب منائی مگر اس میں ان کی اہلیہ ایمان اور ان کے بیٹے کو شامل نہ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

فیملی ولاگنگ سے شہرت پانے والے رجب بٹ کے یوٹیوب پر 8 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور وہ اپنی ویڈیوز میں خاندان، دوستوں اور خاص مواقع دکھاتے ہیں۔

رجب بٹ کی سالگرہ کی سرپرائز تقریب ان کے اہلخانہ نے منعقد کی جس میں ان کی ماں اور بہن بھی موجود تھیں جبکہ رجب بٹ کے قریبی دوست ندیم نانی والا بھی نظر آئے مگر اہلیہ ایمان اور بیٹے کی غیر موجودگی نے مداحوں کو حیران کر دیا۔

اس سے قبل لندن سے پاکستان واپسی پر بھی رجب بٹ نے ایمان اور بیٹے سے ملاقات نہیں کی تھی جس پر مداحوں کے ذہنوں میں خدشات نے جنم لیا تھا۔

حالیہ پیشرفت پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا ہے، کچھ نے کہا کہ شاید یہ ایک باہمی فیصلہ تھا کہ رجب اپنی اہلیہ اور بچے کو ویڈیوز میں کم دکھانا چاہتے ہیں، جبکہ کچھ نے خدشات ظاہر کیے کہ رشتے میں اختلافات ہو سکتے ہیں۔

ایک صارف نے کہا، “مجھے لگتا ہے خاندان اپنی بہو کو نہیں چاہتا”، جب کہ دوسرے نے دفاع میں لکھا، “رجب صحیح کر رہے ہیں، ہر چیز کو عوام کے سامنے نہیں لانا چاہیے اور بیٹا ابھی بہت چھوٹا ہے”۔

واضح رہے کہ رجب بٹ گزشتہ عرصے میں مختلف قانونی تنازعات کا بھی شکار رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کچھ وقت بیرون ملک بھی رہے تھے، حال ہی میں کراچی کی عدالت میں رجب بٹ پر وکلا کی جانب سے تشدد کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
مزید پڑھیں: امریکہ نے افغان جنگ میں 763 ارب ڈالر ڈبو دیے،رپورٹ جاری

متعلقہ خبریں