اہم خبریں

ذہنی دباؤ کے باعث دل میں تکلیف ہوئی، انجیوگرافی کروانی پڑی، صبا قمر کا انکشاف

کراچی(اے بی این نیوز)اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ذہنی دباؤ کے باعث دل میں تکلیف ہوئی، جس کے بعد ان کی انجیوگرافی کروانی پڑی۔

صبا قمر نے حال ہی میں گرین انٹرٹینمنٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے ایک نہایت مشکل مرحلے سے متعلق انکشاف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ ہم بہت مضبوط ہیں اور ہر قسم کے حالات کا سامنا کرلیں گے، لیکن وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ جو درد اور جذبات انسان اپنے اندر دبا کر رکھتا ہے، وہ ایک دن جسمانی طور پر ضرور ظاہر ہوتا ہے، کبھی دل کے دورے، تو کبھی گھبراہٹ یا اضطراب کے دورے کی صورت میں۔

صبا قمر نے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ دوسروں سے سنا تھا کہ لوگوں کو گھبراہٹ یا اضطراب کے دورے پڑتے ہیں، مگر جب وہ خود اس کیفیت سے گزریں تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنا تکلیف دہ اور ناقابلِ بیان تجربہ ہے۔

ان کے مطابق حال ہی میں انہیں ہلکا دل کا دورہ (mild heart attack) ہوا تھا، جس کے اگلے ہی دن ان کی انجیوگرافی کی گئی، تاہم اب وہ کافی بہتر ہیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں نوجوانی میں دل کے دورے کی 20 مختلف وجوہات بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ دل کے دورے کی وجہ صرف کولیسٹرول ہوتا ہے، لیکن کبھی کبھار ایسا نہیں ہوتا، انسان جب درد اور تکلیف کو اپنے اندر دبا کر رکھتا ہے تو وہ جسم کے مختلف اعضا پر اثر انداز ہوتا ہے۔

صبا قمر کے مطابق وہ یہ سب اس لیے بتا رہی ہیں تاکہ لوگ اپنی چھوٹی سے چھوٹی تکلیف کو بھی نظرانداز نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب وہ کسی سے اپنی ذہنی کیفیت بیان کرنے کی کوشش کرتی تھیں تو لوگ یہ کہہ کر بات ختم کردیتے تھے کہ تمہارے پاس تو سب کچھ ہے، دولت اور شہرت، تمہیں کیا تکلیف ہوسکتی ہے؟ جب کہ ان کے بقول ذہنی دباؤ اور بیماریوں کا دولت یا شہرت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کمزوری یہی ہے کہ ہم ذہنی صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، حالانکہ بہت سی جسمانی بیماریاں دراصل ذہنی دباؤ کا نتیجہ ہوتی ہیں۔

صبا قمر کے مطابق اب وہ اپنی زندگی میں تبدیلی لا چکی ہیں اور کسی کو بھی خود کو نظرانداز کرنے کے قابل سمجھنے کی اجازت نہیں دیتیں۔

خیال رہے کہ رواں سال اگست میں شوٹنگ کے دوران صبا قمر بے ہوش ہوگئی تھیں، انہیں دل میں تکلیف کے باعث فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی انجیوگرافی بھی کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں