کراچی (اے بی این نیوز)ٹک ٹاک نے 2025ء کی دوسری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جو صارفین کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں ٹک ٹاک کے مسلسل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
اپریل سے جون 2025ء کے درمیانی عرصے کے اعداد و شمار پرمشتمل یہ رپورٹ ان فعال اقدامات کی تفصیل فراہم کرتی ہے جو ٹک ٹاک نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی اور اسے حذف کرنے کے لیے اختیار کئے تاکہ اپنی عالمی کمیونٹی کے لیے مثبت تجربہ یقینی بناسکے۔
پیر کو جاری بیان کے مطابق 2025ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے پاکستان میں مجموعی طور پر 25,448,992 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کیں۔
اس طرح پاکستان میں فعال انداز میں کانٹینٹ ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی جبکہ حذف شدہ ویڈیوز میں سے 96.2 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔اس سہ ماہی کے دوران عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے مجموعی طور پر 189ملین ویڈیوز حذف کیں جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کئے گئے کل کانٹینٹ کا تقریباً 0.7فیصد بنتی ہیں۔
حذف کی گئی ویڈیوز میں سے163,962,241 ویڈیوز خودکار ٹیکنالوجیز کی نشاندہی پر حذف کی گئیں جبکہ 7,457,309 ویڈیوز مزید جائزے کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئیں۔فعال انداز میں کانٹینٹ کوحذف کرنے کی شرح 99.1 فیصد رہی اور ان میں 94.4 فیصد نشان زدہ کانٹینٹ کو پوسٹ کئے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر حذف کر دیا گیا۔
ٹک ٹاک کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے اس سہ ماہی میں پلیٹ فارم نے76,991,660 جعلی اکائونٹس حذف کیے اور مزید25,904,708ایسے اکائونٹس بھی حذف کیےگئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے تھے۔
2025ء کی پہلی سہ ماہی کی تفصیلی رپورٹ جاننے اور ٹک ٹاک کی کانٹینٹ سے متعلق گائیڈ لائنز، ٹولز اور پالیسیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹک ٹاک کےٹرانسپیرنسی سینٹرکا وزٹ کیجیے جو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں: گوادر میں 5 افغانی باشندوں سمیت17 افراد گرفتار