گلگت (اے بی این نیوز)مشہور ڈراما سیریل ’ہمسفر‘ کے ٹائٹل گانے ’وہ ہمسفر تھا‘’ کی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں ایک نایاب بھورے ریچھ کے حملے سے زخمی ہوگئیں۔
گلگت بلتستان پولیس کے مطابق قرۃ العین بلوچ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ دیوسائی کے کیمپنگ ایریا میں موجود تھیں، جب بھورے ریچھ نے اچانک حملہ کر کے ان کے دونوں بازو زخمی کر دیے۔گلوکارہ کی چیخ و پکار پر قریبی افراد نے موقع پر پہنچ کر ریچھ کو بھگا دیا، جس سے ان کی جان بچ گئی۔تاہم، زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر آر ایچ کیو ہسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بلتستان پولیس کے ترجمان غلام محمد نے بتایا کہ بھورے ریچھ اکثر بڑا پانی کے مقام کی طرف نقل و حرکت کرتے ہیں اور اس علاقے میں پہلے بھی کئی افراد ریچھ کے حملوں کا شکار ہو چکے ہیں۔۔گلوکارہ قرۃ العین بلوچ حال ہی میں اپنی ٹیم کے ساتھ دیوسائی نیشنل پارک پہنچیں تاکہ علاقے کی خوبصورتی کی شوٹنگ کی جا سکے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت کیمپ لگانے کے بجائے ہوٹلوں یا محفوظ مقامات پر قیام کریں تاکہ خطرات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں آج بروزجمعہ5ستمبر 2025 سونے کی تازہ ترین قیمت