ممبئی (اے بی این نیوز) بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ جن اداکاروں کا تعلق کسی شوبز گھرانے سے نہیں انہیں انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنا پڑتی ہے اور ایسی اداکاراؤں کو دبلا، موٹا، چھوٹا اور لمبا ہونے کا طعنہ بھی دیا جاتا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بالی ووڈ میں کامیابی کے لیے اپنی مشکلات اور جدوجہد کے بارے میں کھل کر بات کی اور کہا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، کچھ بھی آسانی سے نہیں ملتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز جیسی انڈسٹری میں کوئی کسی کو مفت کھانا بھی نہیں دیتا، اپنی جگہ بنانے کے لیے انہیں سخت مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔کریتی سینن نے کہا کہ جن اداکاروں کا تعلق شوبز گھرانوں سے نہیں ان کے لیے شوبز میں جگہ بنانا مشکل ہے اور ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔
کریتی سینن نے نئے اداکاروں سے کہا کہ ان کے کریئر میں ایک وقت آئے گا جب کوئی ان کی بات نہیں سنے گا، انہیں کوئی موقع نہیں دے گا اور ہر کوئی انہیں بتائے گا کہ ان کے خواب بڑے ہیں۔ان کے مطابق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ آپ میں یہ کمی ہے، آپ بہت چھوٹے ہیں، آپ بہت لمبے ہیں، آپ بہت دبلے ہیں اور آپ کا وزن زیادہ ہے۔
اداکارہ نے شوبز میں جگہ بنانے کے خواہشمندوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی کے طعنے اور باتوں سے باز نہ آئیں، محنت کرتے رہیں اور آگے بڑھیں، مشکلات کے بعد ان کے لیے چیزیں آسان ہو جائیں گی۔کریتی سینن ماضی میں کئی انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ انہیں کچھ فلموں میں صرف اس لیے کاسٹ نہیں کیا گیا کہ ان کے ساتھ آنے والا ہیرو ان سے چھوٹا تھا۔
اداکارہ کے مطابق انہیں ان کے لمبے قد کی وجہ سے بھی مسترد کیا گیا تھا، بالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں نے بھی انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کی رنگت، جسامت اور قد کی وجہ سے مسترد کیا گیا تھا۔کریتی سینن نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک دہائی قبل ‘ہیروپنتی’ سے کیا تھا، جس کے بعد وہ کئی رومانوی اور کامیڈی فلموں میں نظر آئیں، انہیں اپنے لمبے قد کی وجہ سے شہرت ملی۔
فلموں میں کام کرنے کے بعد، کریتی سینن نے پروڈکشن میں بھی قدم رکھا اور بطور پروڈیوسر کام کیا۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ، قائدین آپس میں ہی الجھ پڑے، سلمان اکرم راجا پر سوالات کی بوچھاڑ،اجلاس چھوڑ کر چلے گئے