لندن (اے بی این نیوز) بھارتی ہدایت کار شیکھر کپور نے سجل علی کو جمائما گولڈ اسمتھ کی بین الاقوامی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ میں کاسٹ کرنے کی وجہ بتا دی۔ شیکھر کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جب سجل علی کا نام سامنے آیا تو انہوں نے اپنے کچھ آڈیشنز بھیجے، ان کی آنکھوں میں بہت معصومیت اور گہرائی ہے، وہ خوبصورت تو ہیں ہی لیکن وہ جب بھی اسکرین پر آتی ہیں تو انہیں دیکھ کر انہیں سن کر محسوس ہوتا ہے جیسے بہت درد چھپا ہوا ہے۔انہوں نے سجل علی کی اداکاری کو سراہا اور کہا کہ میں نے انہیں اس کردار کے حوالے سے صرف ایک بات کہی تھی کہ آپ نے اپنے آپ کو کمزور نہیں دیکھانا ہے بلکہ اس کے برعکس اپنا آپ بہت مضبوط پیش کرنا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آپ نرم مزاج ہیں ، آپ شرمیلی ہیں لیکن ان سب کے ساتھ آپ ایک مضبوط اور طاقت ور شخصیت کی مالک بھی ہیں اور جب آپ فلم دیکھیں گے تو آپ کو یہ سب فلم میں باآسانی مل جائے گا۔
