کراچی (اے بی این نیوز)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنی منگیتر اور اُبھرتی ہوئی اداکارہ میرب علی سے راہیں جدا کرلیں۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے رات گئے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے میرب علی کے ساتھ منگنی ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ منگنی ختم کرنے کا فیصلہ انہوں نے اور میرب علی نے باہمی رضا مندی کے ساتھ کیا ہے۔انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے عاصم اظہر نے لکھا کہ ہم کچھ ذاتی بات شیئر کرنے کے لیے چند لمحے نکالنا چاہتے تھے، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارے حمایت کرنے والوں، مداحوں، دوستوں اور خیر خواہوں کا حق ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کافی سوچنے سمجھنے کے بعد میرب اور میں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ہم نے ایک ساتھ خوبصورت لمحات گزارے اور ایک ساتھ مستقبل کی امید رکھی لیکن زندگی ہمیشہ ہماری مرضی کے مطابق نہیں چلتی۔
گلوکار نے مزید لکھا کہ ہم ایک دوسرے اور خاندانوں کی دل سے عزت و احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔منگنی ختم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے میرب علی کے ساتھ شیئر کی گئی تمام سوشل میڈیا پوسٹس بھی ڈیلیٹ کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ ،اسپیکر قومی اسمبلی ودیگر کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا