اہم خبریں

ثناءیوسف قتل کیس،ملزم کو14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد میں اپنے ہی گھر میں قتل کی جانے والی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قاتل نے اعتراف جرم کرلیا۔ 2 روز قبل اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو ان کے گھر پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، ملزم ٹک ٹاکر کو قتل کرنے کے بعد فیصل آباد فرار ہوگیا تھا جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔

ثناء یوسف کے قتل میں ملوث ملزم کی شناخت عمر حیات عرف کاکا کے نام سے ہوئی اور وہ خود بھی ٹک ٹاکر ہے جب کہ ملزم نے خود کو مقتولہ کا دوست بتایا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کہ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے، ملزم کو 12 گھنٹوں میں فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ ملزم قتل کے ثبوت مٹانے کے لیے ثناء یوسف کا موبائل فون بھی ساتھ لے گیا تھا ، ملزم بار بار مقتولہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے ، قتل کا محرک ثناء یوسف کی جانب سے ملزم کو مسلسل مسترد کیا جانا تھا۔مزید برآں مقتولہ کے والد یوسف حسن نے کہا کہ ان کی کسی کے ساتھ کو ئی دشمنی نہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ بیٹی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

دریں اثنایءاسلام آباد کی سیشن کورٹ میں معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم عمر حیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کر لی اور ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پولیس نے ملزم کو ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پرایسکیوٹر عدالت میں غیر حاضر رہے جس پر ڈیوٹی مجسٹریٹ نے ان پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پراسیکیوٹرز اکثر عدالت میں حاضر نہیں ہوتے۔عدالت نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں طلب کیا مگر بتایا گیا کہ پراسیکیوٹر چھٹیوں پر ہیں۔عدالت نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔بعدازاں عدالت نے ملزم عمر حیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کر لی اور ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
مزید پڑھیں: چیف آف ڈیفنس انیل چوہان کا اعترافی بیان مودی کے گلے کی ہڈی بن گیا

متعلقہ خبریں