اہم خبریں

سیما حیدر کی بھارت سے ممکنہ بے دخلی سے متعلق راکھی ساونت کا اہم بیان سامنے آگیا

 

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، اور اس بار وہ پاکستان سے بھارت آنے والی سیما حیدر کے حق میں آواز بلند کرتی نظر آئیں۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک تازہ ویڈیو میں راکھی نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ سیما حیدر کو بے دخل نہ کیا جائے، کیونکہ اب وہ ’’بھارت کی بہو‘‘ بن چکی ہیں۔

راکھی ساونت نے اپنے بیان میں کہا کہ سیما حیدر کا ماضی پاکستان سے جڑا ہو سکتا ہے، لیکن آج وہ ایک بھارتی شہری کی بیوی اور بچے کی ماں ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی عورت کو اس کے ماضی کی بنیاد پر اس کی نئی زندگی سے محروم کرنا ناانصافی ہے، خاص طور پر جب وہ اپنا مذہب بھی تبدیل کر چکی ہو اور بھارتی خاندان کا حصہ بن چکی ہو۔

اپنے مخصوص انداز میں راکھی نے کہا، ’’سیما کوئی فٹ بال نہیں ہے جسے لات مار کر باہر نکال دیا جائے، وہ ایک عورت ہے، ایک ماں ہے۔ انسانیت کے ناطے اس کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ سیما حیدر 2023 میں پاکستان سے نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اتر پردیش کے رہائشی سچن سے شادی کر لی تھی۔ ان کے ہاں حال ہی میں ایک بچے کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔ بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات، جن میں پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ اور ملک چھوڑنے کے احکامات شامل ہیں، کے بعد سیما کی بے دخلی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں