اہم خبریں

“اوتار 3” کا پہلا ٹریلر جاری، ریلیز کی تاریخ بھی سامنے آ گئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز )معروف فلم ساز جیمز کیمرون کی مشہور سیریز “اوتار” کی تیسری فلم “اوتار: فائر اینڈ ایش” کا پہلا ٹریلر “سینماکون” میں پیش کیا گیا، جہاں سینما مالکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں آئی کیونکہ کیمرون نے اسے دیگر سیکوئلز کے ساتھ بیک وقت بنایا تھا اور جلدی ریلیز کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ پہلے ٹریلر میں نئے ناوی قبیلے دکھائے گئے ہیں، جن میں “ونڈ ٹریڈرز” (ایک پرامن قبیلہ جو فضا میں غبارے جیسے جہازوں پر سفر کرتا ہے) اور “فائر پیپل” شامل ہیں۔ ٹریلر کی ابتدا ایک فضائی لڑائی سے ہوتی ہے، جس میں ایک آتشیں تیر ایک ناوی کو ہلاک کر دیتا ہے۔

فلم کی کہانی “دی وے آف واٹر” کے بعد شروع ہوتی ہے۔ زوئی سالڈانا نے ٹریلر کی نمائش کے دوران بتایا کہ “فائر پیپل” وہ ناوی ہیں جنہوں نے ایوا کو چھوڑ دیا ہے۔ کیمرون نے ویڈیو لنک کے ذریعے ٹریلر کی نمائش میں شرکت کی اور بتایا کہ وہ نیوزی لینڈ میں فلم کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ فلم 19 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دونوں پچھلی فلموں سے زیادہ کامیاب ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں