اسلام آباد ( اے بی این نیوز )جنوبی پنجاب کے زمیندار سردار مظفر کولاچی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے بھارتی رقاصہ اور اداکارہ راکھی ساونت کو ایک دلچسپ پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راکھی ساونت مفتی عبدالقوی سے شادی کرتی ہیں تو وہ انہیں 35 کروڑ روپے کی مالیت کی زمین اور زیورات تحفے میں دیں گے۔
سردار مظفر کولاچی نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کا تعلق تونسہ شریف سے ہے اور وہ راکھی ساونت کی بہت عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ راکھی ساونت کو وائٹ گولڈ سے بنی 7 تولے کی چین، ایک ہیرے کی انگوٹھی اور کف لنکس دیں گے، جو نایاب اور قیمتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب مردانہ زیورات ہیں، لیکن اگر راکھی چاہیں تو انہیں زنانہ زیورات میں تبدیل بھی کرایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، سردار مظفر نے پرفیومز اور گھڑیاں بھی تحفے میں دینے کی بات کی اور کہا کہ اگر راکھی ساونت مفتی قوی سے شادی کے لیے تیار ہوں گی تو وہ مفتی قوی کے ساتھ دبئی جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
ویڈیو میں مفتی عبدالقوی کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جنہوں نے اس پیشکش کو قبول کیا اور سردار مظفر کے تحفے کی تعریف کی۔ مفتی قوی نے کہا کہ وہ راکھی کے ساتھ شادی کے بعد تمام قیمتی اشیاء اور زمینوں کو انہیں تحفے میں دے دیں گے۔
سردار مظفر نے کہا کہ ان تمام اشیاء کی قیمت تقریباً 35 کروڑ روپے بنتی ہے اور ان کی پیشکش راکھی ساونت کے لیے ایک خصوصی دعوت ہے کہ وہ مفتی قوی سے شادی کے لیے راضی ہوں۔ اس دلچسپ پیشکش پر راکھی ساونت کا ردعمل ابھی تک سامنے نہیں آیا، لیکن یہ خبر سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو گئی ہے۔