اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اداکار گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی شادی کے بارے میں سوشل میڈیا پر جاری افواہوں کے دوران ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس کے بعد ان کی شادی کی خبریں مزید زور پکڑ گئی ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دونوں اداکاروں کی شادی کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں، اور ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی مبہم ویڈیوز نے ان افواہوں کو تقویت دی۔
نئی ویڈیو میں کئی شوبز شخصیات جیسے مومل شیخ، شہزاد شیخ، ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ کو “میرے یار کی شادی” پر دلچسپ انداز میں اظہار خیال کرتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں گوہر رشید اور کبریٰ خان بھی شادی کی تیاریوں کی طرف اشارہ کرتے نظر آتے ہیں اور ویڈیو کے آخر میں دونوں ایک جیسے لباس میں دکھائی دیتے ہیں، جو مزید تجسس پیدا کرتا ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے کے بعد دونوں اداکاروں نے کیپشن میں لکھا: “آپ کے پیار اور دعاؤں کے ساتھ بسم اللہ”۔ اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک تمناوں اور خوشی کا اظہار کیا گیا، اور شوبز شخصیات نے بھی دونوں کی شادی کی افواہوں پر مبارک باد دی۔
یاد رہے کہ گوہر رشید نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی انسٹاگرام پر شادی کی تقریبات سے متعلق مبہم ویڈیوز شیئر کی تھیں، جس کے بعد سے ان کی شادی کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ ماضی میں دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں بھی گردش کرتی رہی ہیں، جن پر انہوں نے کہا تھا کہ ان کی صرف اچھی دوستی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ویڈیو اور افواہیں حقیقت کا رنگ اختیار کرتی ہیں یا نہیں، خاص طور پر جب کئی ویب سائٹس اور یوٹیوبرز نے دعویٰ کیا ہے کہ گوہر رشید اور کبریٰ خان فروری کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔