بالی ووڈ فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثے میں دو بڑے اداکار اور سیٹ کا عملہ زخمی ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ فلم ’میرے ہسبنڈ کی بیوی‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا جب سیٹ کی چھت گر گئی۔
ممبئی کے رائل پامس میں شوٹنگ کے دوران ارجن کپور اور بھومی پیڈنیکر پرفارم کر رہے تھے، جبکہ جیکی بھگنانی اور ہدایت کار مدثر عزیز بھی موقع پر موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق، اس حادثے میں ارجن کپور، جیکی بھگنانی اور مدثر عزیز سمیت سیٹ پر موجود دیگر عملے کے ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں۔
فلم انتظامیہ نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر ریاستی حکام اور بمبئی میونسپل کارپوریشن کو خط بھیج کر اس واقعے کی اطلاع دی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سیٹ کی چھت گرنے کا سبب ساؤنڈ سسٹم کی وائبریشن بنی، جس کی وجہ سے دیگر حصے بھی لرزنے لگے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اگر پوری چھت ایک ساتھ گر جاتی تو حادثہ اور زیادہ سنگین ہو سکتا تھا۔