ممبئی ( نیوز ڈیسک )بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور ہدایت کار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے چند سال پہلے فلمی دنیا کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا تھا، مگر ان کے بچوں ایرا اور جنید نے انہیں اس فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کو کہا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں، سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ، عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ فلم لال سنگھ چڈھا سے پہلے کیا تھا۔ انہوں نے کہا، یہ میرا ذاتی سفر تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے بعد انہیں احساس ہوا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ صرف فلموں کو دیا ہے اور وہ اپنے قریبی رشتوں، بچوں، بہن، بھائیوں، اور اپنی بیویوں، کرن اور رینا کے ساتھ وقت نہیں گزار سکے۔
عامر نے اعتراف کیا، “مجھے بہت پچھتاوا تھا۔ میں نے اپنی زندگی کے 35 سال فلموں کو دیے، اب مجھے اپنے خاندان پر توجہ دینے کی ضرورت تھی۔جب عامر خان نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ وہ فلموں کو خیرباد کہہ رہے ہیں تو ان کے بچوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ جنید نے کہا،آپ کو ایک انتہا سے دوسری پر جانے کی کیا ضرورت ہے؟ درمیان کا راستہ کیوں نہیں اختیار کرتے؟ عامر نے کہا کہ اس مشورے کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا۔عامر خان بہت جلد اپنے اگلے پراجیکٹ میں نظر آئیں گے، اداکار اپنی نئی فلم ستارے زمین پرمیں جلوہ گر ہوں گے، جو 2007 کی ہٹ فلم تارے زمین پر کا سیکوئل ہے۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزبدھ،18دسمبر2024 آپ کا کیرئر،صحت، محبت اور دن کیسا رہے گا ؟