نئی دہلی (نیوزڈیسک)قتل کے کیس میں قید کاٹنے والے کناڈا فلموں کے اداکار درشن تھگودیپا کی ایک اور فرمائش پوری کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کناڈا فلموں کے اداکار درشن تھگودیپا کو ان کی فرمائش پر جیل انتظامیہ کی طرف سے ٹی وی فراہم کیا گیا ہے۔ درشن اپنی ساتھی پویترا گوڈا اور 15 دیگر افراد کے ساتھ اپنے مداح رینوکا سوامی کے اغواء اور قتل کے الزامات میں قید ہیں۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام نے درشن کی کوٹھری میں 32 انچ کا ٹی وی نصب کیا۔ اداکار نے گزشتہ ہفتے جیل انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے کیس میں چارج شیٹ کے حوالے سے خبروں سے باخبر رہنا چاہتے ہیں اور ‘باہر کی دنیا میں کیا ہو رہا ہے’ جاننے کے خواہشمند ہیں۔
جیل حکام کے مطابق قیدیوں کو ٹیلی ویژن فراہم کرنے کا انتظام جیل کے قواعد کے مطابق ہے اور تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ ٹی وی کی مرمت کی جارہی تھی۔
جیل انتظامیہ نے پہلے بھی درشن کی درخواست پر ایک سرجیکل کرسی فراہم کی تھی، کیونکہ وہ کوٹھری میں دستیاب بھارتی طرز کا ٹوائلٹ استعمال نہیں کر سکتے تھے۔ درشن کو فون کالز کی اجازت بھی دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق اداکار کے ذاتی اکاؤنٹ میں 35 ہزار بھارتی روپے بھی جمع کروائے گئے تھے، جن میں سے 735 روپے انہوں نے جیل کینٹین سے چائے اور کافی پینے پر خرچ کیے ہیں، جبکہ درشن اپنے خلاف جمع کروائی گئی چارج شیٹ کے بعد بھی شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں اور اس کے نتائج کے بارے میں فکر مند ہیں۔
33 سالہ آٹو ڈرائیور رینوکا سوامی 9 جون کو بنگلور میں ایک فلائی اوور کے قریب مردہ پایا گیا تھا، وہ درشن کا مداح تھا۔ اسے مبینہ طور پر درشن کی ہدایت پر ایک گینگ نے اغوا کرکے قتل کر دیا تھا کیونکہ انہوں نے اداکارہ پویترا گوڈا کو سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر نازیبا پیغامات بھیجے تھے۔
اس کے بعد پولیس نے اداکار کو میسور میں ان کے فارم ہاؤس سے گرفتار کرلیا تھا، ساتھ ہی 15 دیگر افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کیا۔
دوسری جانب اداکار کے خلاف عدالت میں جمع کروائی گئی چارج شیٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ درشن نے مغوی رینوکا سوامی کے ساتھ انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کیا۔ درشن اور دیگر ملزمان نے رینوکا سوامی کو جانتے ہوئے کہ وہ سبزی خور ہیں، غیر سبزی کھانے پر مجبور کیا۔ جب رینوکا سوامی نے بریانی کو تھوکا، تو درشن نے انہیں ٹھوکریں ماریں اور گالیاں دیں۔
درشن نے زخمی اور خون میں لت پت رینوکا سوامی کو بار بار ٹھوکریں ماریں۔ بعد میں درشن میسورو گئے، وہی جوتے پہنے ہوئے جن پر رینوکا سوامی کا خون لگا ہوا تھا۔ تاہم، اگلی صبح جب پولیس نے انہیں گرفتار کیا، تو وہ دوسرے جوتے پہنے ہوئے تھے۔ ہوٹل کے عملے نے درشن کے خون سے رنگے جوتے اور دیگر سامان ان کی بیوی وجیا لکشمی کے بنگلور میں واقع گھر بھیج دیے۔
پولیس نے بعد میں درشن کے تمام سامان کو وجیا لکشمی کے گھر سے ضبط کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، درشن کے جوتوں پر موجود خون کے دھبے اس کیس میں درشن کی مداخلت کو ثابت کرنے کے لیے ایک اہم ثبوت ہے۔