لاہور(نیوزڈیسک)پاکستانی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ نیوز اینکر و میزبان مدیحہ نقوی کا کہنا ہے کہ میں کسی کی طلاق یا علیحدگی کی تصدیق کرنے والی کون ہوتی ہوں؟
خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے مدیحہ نقوی کے پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
مذکورہ وائرل کلپ میں میزبان اپنے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرنے والی اداکارہ شگفتہ اعجاز کے ساتھ ایک گیم کھیلتی ہیں۔
گیم کے سیگمنٹ میں سینئر اداکارہ کو پلے کارڈ دیکھے بغیر یہ بتانا ہوتا ہے کہ پلے کارڈ پر کس اداکار کی تصویر موجود ہے۔ ناظرین کو مذکورہ پلے کارڈ دکھائی دے رہا ہوتا ہے جس پر اداکار آغا علی کی تصویر ہوتی ہے۔
وائرل کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مدیحہ نقوی اداکار کے حوالے سے کچھ اشارے دیتی ہیں تاکہ شگفتہ اعجاز انہیں پہچان لیں، اسی دوران انہوں نے ایک اشارہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’اس اداکار کی شادی کچھ عرصہ قبل انڈسٹری کی ہی ایک اور اداکارہ (حنا الطاف) سے ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کی شادی چل نہ سکی‘۔
بس پھر کیا تھا مذکورہ کلپ سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا کہ مدیحہ نقوی نے آغا علی اور حنا الطاف کے طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔
تاہم اب مدیحہ نقوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس حوالے سے تردید کی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہونے والی خبر کو ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کی طلاق یا علیحدگی کی تصدیق کرنے والی کون ہوتی ہوں؟، یہ میرے شو کے دوران معروف شخصیات کو پہچاننے سے متعلق کھیلے گئے گیم کے دوران ایک محتاط انداز میں زبان کا پھسلنا تھا۔
میزبان نے مزید وضاحت کی کہ میرے ناظرین جانتے ہیں کہ مجھے سستی شہرت کی ضرورت نہیں، جس کے لیے میں ایسے حربے آزماؤں، میرا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا، بالخصوص ان دونوں خوبصورت انسانوں کو جنہیں میں بہت پسند کرتی ہوں۔