ممبئی(اے بی این نیوز ) ایپل کمپنی کے سی ای او ٹِم کُک نے انڈیا کے شہر ممبئی میں پہلے ایپل سٹورکا افتتاح کردیا۔ ٹم نے سٹور پر آنے والے صارفین کو خوش آمدید کہا اور ان سے گفتگو بھی کی۔ٹم کا کہنا تھا کہ ایپل کو بھارت میں کام کرتے ہوئے کئی برس ہوچکے اور اس ضمن میں باقاعدہ ایک سٹور کا ہونا خوش آئند امر ہے۔ پہلے بھارت میں ایپل کی مصنوعات آن لائن فروخت ہورہی تھیں جن میں تھرڈ پارٹی ری سیلر کا اہم کردار تھا تاہم ایپل کی تمام مصنوعات کو ایک ہی چھت تلے دکان سے خریدنا اب ممکن ہوگا۔اس سلسلے میں دوسرے سٹور کا افتتاح جمعرات کو نئی دہلی میں کیا جائے گا جبکہ رواں ہفتے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کُک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ڈپٹی وزیر برائے آئی ٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔
