اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو میٹا کی کالنگ اور میسجنگ ایپواٹس ایپ کے استعمال میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ صارفین نے سوشل میڈیا ایپس جیسے کہ ایکس(سابقہ ٹویٹر) اور فیس بک پر شکایت کی کہ انہیں واٹس ایپ پر میسجز بھیجنے اور اسٹیٹس اپلوڈ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
پاکستان میں بھی صارفین کو واٹس ایپ کی سروس میں تعطل اور تاخیر کا سامنا ہے۔ واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات اکثر دوسرے صارفین تک پہنچنے میں دیر کر رہے ہیں، جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اسی طرح، واٹس ایپ گروپ میں بھیجے گئے پیغامات، تصاویر اور فوٹیجز بعض اوقات دوسرے صارفین تک نہیں پہنچ پاتے۔
اس سروس کی خرابی نے صارفین کو ان کی روزمرہ کی بات چیت اور کاروباری معاملات میں مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جب وہ پیغامات یا تصاویر بھیجنے کی کوشش کرتے ہیں، تو وہ یا تو ڈلیور نہیں ہوتے یا پھر بہت دیر کے بعد پہنچتے ہیں، جس سے ان کی روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
اب تک میٹا کی جانب سے اس خرابی کے حوالے سے کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم صارفین اس بارے میں مزید معلومات کے منتظر ہیں۔ اس سروس کی خرابی نے واٹس ایپ کے عالمی سطح پر استعمال کرنے والوں کو متاثر کیا ہے، اور کئی لوگ متبادل میسجنگ ایپس کی طرف بھی رجوع کر رہے ہیں۔