اہم خبریں

سعودی عرب کا بڑا اعلان،ہرقسم کے ویزا ہولڈرعمرہ اداکرسکیں گے

ریاض (اے بی این نیوز)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اب سعودی عرب میں موجود تمام اقسام کے ویزا ہولڈرز عمرہ کے مناسک ادا کر سکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق یہ سہولت ذاتی، خاندانی، ای ٹورسٹ، ٹرانزٹ، ورک اور دیگر تمام اقسام کے ویزا رکھنے والوں کےلئے دستیاب ہے۔ اس فیصلے کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عمرہ کی ادائیگی کو زیادہ آسان، پرامن اور سہل بنانا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے، جس کے تحت زائرین کو جدید ترین سہولیات اور روحانی طور پر پرسکون ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزارت نے حال ہی میں ’ نسک عمرہ پلیٹ فارم‘ کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے عمرہ کے خواہشمند افراد آن لائن پیکجز کا انتخاب کر کے الیکٹرانک عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ جدید ڈیجیٹل نظام زائرین کو تاریخ، وقت اور خدمات کے انتخاب میں مکمل آزادی اور آسانی فراہم کرتا ہے۔ وزارت کے مطابق اس اقدام سے حج و عمرہ خدمات کے دائرہ کار میں مزید وسعت پیدا ہوگی، جب کہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو سہولت، سلامتی اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیں: بیٹر نے تاریخ رقم کردی ،35 چھکے ،141 گیندوں پر 314 رنز کی اننگز

متعلقہ خبریں