اہم خبریں

وقوف عرفہ آج ادا کیا جائیگا،حجاج کرام کی میدان عرفات آمد جاری

مدینہ (اے بی این نیوز)مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج میدان عرفات پہنچ رہے ہیں، جہاں آج حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔عازمین حج مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ سنیں گے، جو امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید دیں گے۔

خطبے کے بعد حجاج کرام نماز ظہر اور عصر کو قصر اور جمع کر کے ایک ساتھ ادا کریں گے۔غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے۔

اس دوران وہ رمی جمرات کے لئے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام طلوعِ آفتاب کے ساتھ منیٰ واپس لوٹیں گے، جہاں بڑے شیطان (جمرہ عقبہ) کو سات کنکریاں مار کر رمیِ جمرات کریں گے۔ اس کے بعد قربانی کی جائے گی، حلق یا قصر کروایا جائے گا اور یوں احرام کھول دیا جائے گا۔

حج کا یہ مرحلہ روحانی جوش و جذبے کے ساتھ مکمل عقیدت اور اہتمام سے ادا کیا جا رہا ہے، جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے سخت سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف شہروں میں آج بروزجمعرات05 جون 2025 موسم کی تازہ ترین صورتحال

متعلقہ خبریں