کوئٹہ (نیوزڈیسک) نگران وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان اب بھی پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم چل رہے ہیں، پاکستان نےافغان طالبان کے سامنے اپنے مطالبات رکھ دیے ہیں، مطالبات کی منظوری تک ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ کوئی بھی ریاست اپنے لوگوں پر دہشتگرد حملوں کی اجازت نہیں دے سکتی، پاکستان بار بار افغان طالبان سے پاکستان کی سرزمین پر دہشتگردی میں ملوث دہشتگردوں کی حوالگی کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن افغان طالبان ابھی بھی پاکستان کے ساتھ ڈبل گیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نےکہا کہ بنوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ میں افغان کارڈ رکھنے والے دہشتگرد نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی تارکین کے ساتھ تذکرہ یا افغان شناختی کارڈ رکھنے والے تارکین وطن بھی مستقل سکیورٹی رسک ہیں اسلیے تذکرہ رکھنے والے افغان تارکین وطن کو بھی واپس جانا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک تقریبا ایک لاکھ 40 ہزار غیرقانونی غیرملکی اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، پاسپورٹ کے بغیر کسی بھی افغان کو پاکستان میں گھسنے نہیں دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت چمن میں دھرنے کو پی ٹی ایم نے ہائی جیک کرلیا ہے، ریاست چمن دھرنے میں پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کو کچل دے گی، سی ٹی ڈی بلوچستان میں دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے بھرپور کارروائی کر رہی ہے، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
