بہاولپور (نیوزڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے پندرہ سال پہلے یہودی لابی کے ایجنٹ کو پہچان لیا تھا، ہم نے اس کے چہرے سے نقاب اتار دیا، ہم فخر کرتے ہیں ہم نے اس ایجنٹ کو شکست دی۔آج اسرائیل اور حماس کا نام لینا گناہ بن گیا ہے، دنیا گھبرا رہی تھی ہم نے پشاور، کوئٹہ میں عظیم الشان مظاہرہ کیا، یہ اجتماع طوفان اقصیٰ کے عنوان سے منعقد ہو رہا ہے۔بہاولپور میں طوفان اقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام غزہ کے مسلمانوں کی توانا آواز ہے، غزہ کے معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں پر بارود کی بارش ہو رہی ہے، آج اسلامی دنیا اور ہمارے حکمران مصلحتوں کا شکار ہیں، ہم سینہ تان کر فلسطین کے بھائیوں کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ ہو تو ہم سب سے آگے کھڑے ہوتے ہیں، برما کے مسلمانوں کا مسئلہ ہو تو بھی ہماری آواز ہی توانا ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی دربدر ہے اور ان کے کرتا دھرتا بلوں میں گھس رہے ہیں، ان کو بلوں میں بھی راستہ نہیں مل رہا،انہوں نے کہاکہ ہم نے کہا تھا اس پارٹی کا کوئی نظریہ نہیں ہے، انہوں نے ہماری تہذیب کو خراب کیا، آج 40، 50 کے لوگوں کو بٹھا کر ڈمی قسم کا الیکشن کرایا گیا، آج ان کی پارٹی میں لوگ نہیں ہیں۔