کراچی (نیوزڈیسک)کے۔ الیکٹرک کا سرمایہ کاری منصوبہ، پائیداری اور جدت کی علامت کے۔ الیکٹرک نے مسابقت کو فروغ دینے اور روشن مستقبل کی جانب سے قدم بڑھانے کے لیے دسمبر 2022 میں غیرخصوصی تقسیم اور فراہمی کے لائسنس کے لیے درخواست دائر کی تھی، جو پاور سیکٹر میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ پاور یوٹیلیٹی نے پائیدار مستقبل کے لیے 7 سال میں 484 ارب روپے سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد سب کے لیے سستی، قابل بھروسہ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جو آج کے توانائی کے منظر نامے کا ایک اہم مسئلہ ہے۔کے۔ الیکٹرک مستقبل میں اپنے جنریشن مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 30 فیصد کرنے لیے پُرعزم ہے، جو کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی عالمی کوششوں کا حصہ ہے۔ پاور یوٹیلیٹی آئندہ سات سال میں 5000 میگاواٹ بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے ساتھ مقامی اور قابل تجدید ذرائع توانائی پر انحصار بڑھائے گی۔وژن تیس، 30 کے۔ الیکٹرک کی مستقبل کی منصوبہ بندی کا عکاس ہے۔ یہ تین جہتی حکمت عملی ہے جس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 30 فیصد تک بڑھانا، صارفین کی تعداد میں 30 فیصد تک اضافہ اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کو 30 فیصد تک کم کرنا شامل ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کی فوری ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ پائیدار اور مستحکم ایکو سسٹم کی بنیاد رکھے گا۔ پاور یوٹیلیٹی فعال طور پر جدت اور ڈیجیٹائزیشن کو اپنا رہی ہے، جس کے ذریعے کمپنی کے آپریشنل منظرنامے میں مثالی تبدیلی آئے گی۔ جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسا کہ ایڈوانسڈ ڈسٹری بیوشن مینجمنٹ سسٹم، موبائل ورک فورس مینجمنٹ، جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ایڈوانسڈ اینالیٹکس اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا نفاذ صارفین کو بہتر سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کے یوٹیلیٹی کے عزم کا عکاس ہے۔ ان جدید اقدامات سے صارفین کی شکایات کا تیزی سے ازالہ اور مسائل میں کمی آئے گی۔ جس سے نہ صرف صارفین کی قابل بھروسہ بجلی تک رسائی ہوگی بلکہ وہ آسان اور موثر سروس سے لطف اندوز بھی ہوں گے۔کے۔ الیکٹرک کا پائیداری اور جدت کی جانب سفر اُس کی ماضی کی کامیابیوں پر استوار ہے۔2005 میں نجکاری کے بعد سے پاور یوٹیلیٹی نے 500 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے، جس سے اُس کے صارفین کی تعداد دُگنی ہوکر 3.4 ملین تک جا پہنچی ہے۔ تقسیم اور ترسیل نقصانات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے جو نیپرا کے مقرر کردہ حد 15.3 فیصد سے بھی کم ہے۔گزشتہ 17 سال میں کے۔ الیکٹرک کی بجلی فراہمی کی صلاحیت 2200 میگاواٹ سے بڑھ کر 3380 میگاواٹ پر جاپہنچی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت میں 30 سے 39 فیصد تک کا قابل ستائش اضافہ ہوا ہے۔ گرڈز، ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اور فیڈرز کی اَپ گریڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ کے۔ الیکٹرک بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے انفرا اسٹرکچر کو تیزی سے ترقی دے رہی ہے۔کے۔ الیکٹرک کا سرمایہ کاری کا منصوبہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے پاس منظوری کے مراحل میں ہے۔ مسابقت کو فروغ دینے کے لیے کے۔ الیکٹرک نے غیرخصوصی تقسیم اور فراہمی کے لائسنس کی درخواست جمع کرائی ہے۔ اس فیصلے کے ذریعے پاور یوٹیلیٹی توانائی کے شعبے کی ترقی میں فعال ادا کرنے کے ساتھ نئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔پاور یوٹیلیٹی کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی نہ صرف ایک زیادہ پائیدار اور روشن مستقبل کا تصور پیش کرتی ہے بلکہ تیزی سے بدلتے ہوئے توانائی کے منظر نامے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ کے۔ الیکٹرک کے ان اقدامات کو صنعت گہری دلچسپی دیکھ رہی ہے۔ کیوں کہ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے سرمایہ کاری منصوبے کی منظوری کے بعد کے۔ الیکٹرک توانائی کے شعبے میں نئے معیار ات قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔
