وہاڑی(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ چند خاندان اور افراد ملک کے مسائل کا حل نہیں، قوم کے سامنے اپنے آپ کو مسیحا پیش کرنے والے، باربار آزمائے گئے حکمران ہی موجودہ حالات کے ذمہ دار ہیں، مظلوم فلسطینی امداد کیلئے امید بھری نظروں سے پاکستان کو دیکھ رہے ہیں تفصیل کے مطابق امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ہر دور میں حکمرانوں نے ملک کی بجائے اپنی خواہشات کے سومنات کو مضبوط کیا اور جس سے سیاست و جمہوریت دونوں کا نقصان ہوا۔اب اس فرسودہ نظام کی سرجری کی ضرورت ہے احتساب کے ادارے حکمرانوں کی مرضی کے مطابق کام کرتے ہیں،جب بھی کوئی اقتدار میں ہوتا ہے تو اسے کلین چٹ مل جاتی ہے، محروم ہونے کی صورت میں کرپشن کی فائل بن جاتی ہے۔ ادارے بے لاگ ہوکر احتساب کریں توکئی نام نہاد لیڈران پکڑے جائیں، جن پارٹیوں کو موقع ملا انہوں نے انصاف کی حکمرانی قائم نہیں کی، اداروں کو کمزور کیا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قرضوں سے معیشت چلائی، حکمران قرضے لے کر خود ہڑپ کرگئے، عوام پر ٹیکسز لاد دیئے گئے، ہرشخص کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑی پہنا دی گئی، حکمران اشرافیہ خود ٹیکس نہیں دیتی، ان کے پروٹوکول اور مراعات میں کوئی کمی نہیں آئی، نتیجہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا، بے روزگاری بڑھی، نوجوان مایوس ہوکر ملک سے بھاگ رہے ہیں، ہرشخص پریشان ہے، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، لوگوں کے لیے گھر چلانا مشکل ہوگیا، وہ بچوں کو تعلیم نہیں دلوا سکتے، بزرگ والدین کا علاج نہیں کرواسکتے، 80 فیصد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام اور اس کے وفاداروں سے جان چھڑانا ہوگی، فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ مضبوطی سے اسی صورت میں لڑاجا سکتا ہے جب اسے نڈر اور ایماندار قیادت نصیب ہوگی، یہ قیادت جماعت اسلامی کی صورت میں موجود ہے، قوم بہتری، امن، ترقی اور اسلامی فلاحی پاکستان کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرے، ان کی پاس ووٹ کی صورت میں سب سے بڑی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صاف اور شفاف الیکشن چاہتی ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جاری کرے، انتخابات ہی استحکام کا راستہ ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے جنوبی پنجاب سے وعدے کیے، مگر ایک بھی پورا نہیں کیا، یہاں کے چند جاگیردار اور وڈیرے ووٹ لے کر غائب ہوجاتے ہیں۔ علاقہ میں انفراسڑکچر تباہ، سڑکوں کا براحال ہے، کسان بے حال ہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ترقی کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑے گی۔سراج الحق نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری امت کا ہے، اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور خصوصی طور پر عربوں نے اہل فلسطین کو اسرائیل کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا تو باقی عرب ممالک کو بھی گریٹر صیہونی ریاست نگل لے گی، اسرائیل ایک جارح اور ناجائز ریاست ہے، اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا ہوگا، اسلامی ممالک صرف لفظی بیان بازی سے کام لیتے رہے تو فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہے گا، امریکا اور مغرب کھل کر اسرائیل کی حمایت کررہے ہیں، اسلامی ممالک بھی دلیرانہ موقف اپنائیں، او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی فلسطین فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں، ان کی مدد غزہ تک پہنچائی جائے گی۔















