مظفرآباد(نیوزڈیسک)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ لوگ سنجیدگی سے معاملات کا جائزہ لیں ۔اپنے لوگوں کے مطالبات پورے کئے ہیں بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لے لیا گیا ہے بجلی کے بل اب پرانے ریٹس پر جاری ہوے ہیں ۔سوشل میڈیا ایکٹوسٹ قومی معاملات پر لوگوں کو گائیڈ کریں نہ کہ انارکی پھیلائیں ۔انتظامیہ صرف قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ایکشن لے گی ۔جموں کشمیر ہاؤس میں وفود سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ پڑھے لکھے ہیں وہ خود سوچیں کہ بجلی کے بل نہیں دیں گے تو نظام کیسے چلے گا ،ہمیں سنجیدگی سے معاملات کو لینا چاہیے بجلی کے انفراسٹرکچر پر اربوں روپے کی لاگت آتی ہے پاکستان کے مقابلے میں آزادکشمیر میں بجلی کے ریٹس کم ہیں عوام کو ممکنہ حد تک سبسڈی دے رہے ہیں ،میری خواہش اور کوشش ہے کہ اپنے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دوں اس مقصد کیلئے وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات بہت کم کر دئیے ہیں جتنے زائد اخراجات تھے سب ختم کئے کوئی بھی شہری وزیراعظم ہاؤس آ سکتا ہے اور وہاں کفایت شعاری کے اقدامات کو خود مشاہدہ کر سکتا ہے میرا تقابل سابق وزراء اعظم سے کیا جائے عوام کو خود پتہ چل جائے گا کہ ان کا وزیراعظم ان کی آمدن کا نگہبان ہے ۔انہوں نے کہا کہ کہیں بھی زائد اخراجات ہو رہے ہوں تو براہ راست مجھے مطلع کریں عوام کے ٹیکس کے پیسے ہر کسی کو عیاشی کی اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہرامن احتجاج سب کا حق ہے ، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹیں گے ، ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کی قطعا اجازت نہیں دی جا سکتی ،آزادکشمیر میں لٹریسی ریٹ بہت اچھا اور لوگ سیاسی طور پر باشعور ہیں وہ خود میرے اقدامات کو تقابل کر لیں انہیں پتہ چل جائے گا کہ میں نے ان کی ٹیکس کے پیسے کی کس قدر نگہبانی کی ہے
