اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان پرویز الہی سے ہر روز بے عزت ہونے کا غصہ کسی اور پر نکالتا ہے، اس کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملک معاشی تباہی اور ڈیفالٹ کے بحران کا شکار ہوا، یہ وہ نالائق ہے جو ایگزامینر کو ساتھ ملا کر بھی فیل ہوگیا، اس کے منہ میں خاک، ہم نے پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔ اتوار کو عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان چار سال جو جرائم خود کرتا رہا ہے، اب دوسروں کے نام لے لے کر ان کو دوہرا رہا ہے، قوم عمران خان کے جھوٹ، فراڈ اور جعلسازی کی تاریخ جان چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ10 اپریل 2022 وہ فیصلہ کن مرحلہ تھا جب آئین کی طاقت سے ملکی تباہی کا عمل روک دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک آج بحران میں ہے تو اس کا ذمہ دار فارن ایجنٹ عمران خان ہے، عمران خان کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملک معاشی تباہی اور ڈیفالٹ کے بحران کا شکار ہوا۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان بائیس سال سے تیاری کرکے بھی فیل ہوتا رہا ہے، یہ وہ نالائق ہے جو ایگزامینر کو ساتھ ملا کر بھی فیل ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا انقلاب گھڑیاں چوری کرنا اور قومی مفادات بیچنا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے ”انقلابی اقدامات” آڈیوز میں قوم نے سن لئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کے منہ میں خاک، پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا ہے، عمران خان پرویز الہی سے ہر روز بے عزت ہونے کا غصہ کسی اور پر نکالتا ہے۔