اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جنیوا میں سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے،دوست ممالک کے سامنے متاثرین کی بحالی کا جامع پلان رکھیں گے،لاکھوں لوگ ہمدردی کے خواہاں ہیں۔اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج انٹرنیشنل کانفرنس کیلئے جنیوا روانہ ہو رہا ہوں جہاں یو این سیکریٹری جنرل کے ہمراہ لچکدار پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا، ہم ترقی کے شراکت داروں اور دوست ممالک کے سامنے متاثرین سیلاب کی بحالی کا جامع پلان رکھیں گے،متاثرین کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی جائے گی ،لاکھوں متاثرین کی بحالی کے لیے ہمدردی اور یکجہتی کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک اہم موڑ پر ہے،ہمارے آج کے اقدامات آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی تشکیل کرینگے۔