اہم خبریں

آزاد کشمیر سے باہر آٹے کی سمگلنگ پر دفعہ 144 نافذ، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

مظفرآباد(نیوزڈیسک) آزادکشمیر میں آٹے کی بروقت اور وافر فراہمی، غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ خوراک کے آفیسران کے علاوہ جملہ ڈویژنل انتظامیہ و پولیس کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر سے باہر آٹے کی ترسیل پر دفعہ 144کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ آٹے کی سمگلنگ روکنے کے لیے جملہ خارجی راستوں پرپولیس چوکیاں فوری قائم کی جا کر ہمہ وقت چیکنگ /نگرانی کی جائے گی۔ آٹے کی غیر قانونی ترسیل /سمگلنگ کی روک تھام کے لی سپیشل برانچ محکمہ پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری خوراک آٹے کی غیر قانونی فروخت اور تقسیم میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔ شہریوں سے بھی بذریعہ پریس گزارش کی جائے گی کہ وہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی یا غیر قانونی ترسیل کی نسبت اگر کوئی معلومات رکھتے ہوں تو وہ مقامی پولیس اسٹیشن کو دیں اطلاع دینے والے شہریوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں