کوئٹہ(نیوز ڈیسک) مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل،برفباری کا امکان،سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا،پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی دھند کا راج،حدنگاہ 10 میٹر رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئیں، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، مغربی ہوائیں دوپہر تک بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے، کراچی میں بھی سردی بڑھے گی،دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند کا راج ہے، موٹر وے پولیس نے متعدد موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا،دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک موٹر وے ایم 4 ملتان سے فیصل آباد تک اور ایم 5 موسیٰ والا سے چنی گوٹھ تک بند ہے،موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حدنگاہ 10 سے 5 میٹر ہونے کی وجہ سے موٹر ویز پر ٹریفک کو روکا گیا ہے۔