بنوں(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے گرینیڈ حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔بنوں ڈویژن پولیس کے ترجمان واجد خان نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار انتہاپسندوں نے پولیس کی وین پر ہینڈ گرینیڈ پھینکا۔انہوں نے تصدیق کی کہ حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوا اور دوسرے کو زخم آئے ۔انہوں نے کہا کہ حملہ ٹاؤن شپ پولیس کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب ڈومیل تھانے کی پولیس چھاپہ مار کارروائی میں مصروف تھی تاہم پولیس کی جانب سے کارروائی کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائے وقوع پر پولیس کی اضافی نفری پہنچ گئی اور حملہ آور کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی ہے جو حملے کے بعد فرار ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔