راولاکوٹ ، مظفرآباد، کوٹلی،میرپور(نیوز ڈیسک) آزادکشمیر کی عوام بجلی بلات میں اضافی ٹیکسز میں اضافے، آٹے کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوام بپھر گئی، سول سوسائیٹی اور تاجران نے عوامی ایکشن کمیٹیز کی کال پر حکومت کے خلاف سول نا فرمانی کی تحریک کےپہلے مرحلے میں پونچھ کے ڈویثرنل ہیڈ کوارٹر راولاکوٹ میں ہزاروں افراد نے شہر میں حکومت مخالف ریلی نکالی ، پونچھ میں 35 ہزار سے زائد صارفین نے 10 کروڑ روپے کےبجلی کے بل احتجاجی دھرنے میں جمع کرا دیئے ، کوٹلی میں بھی 5 کروڑ روپے سے زائد کے بجلی کے بل جلانے کیلئے جمع کر دیئے گئے، آزادکشمیر کے 20 سے زائد مقامات پر بجلی کے ہزاروں بل نذر آتش کر دئیے گئے ، آزاد کشمیر بھر کے عوام نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے حالیہ بلات میں اضافے کے خاتمے کے نوٹیفیکیشن کو مسترد کر دیا ہے، آٹے پر سبسڈی کی بحالی بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کےخلاف راولاکوٹ میں 108 دنوں سے دھرنا جاری ہے اور عوام جوق در جوق اپنے بل دھرنے میں جمع کروا رہے ہیں.تفصیلات کے مطابق سٹیٹ ویوز کو حاصل معلومات کے مطابق راولاکوٹ سب ڈویژن سرکل راولاکوٹ میں بجلی کے صارفین کی کل تعداد پچپن ہزار سے زائد ہے۔ راولاکوٹ شہر میں بجلی کنکشن کے 25 ہزار ہیں، اس وقت تک چودہ ہزار سات سو چالیس بلات دھرنا میں جمع ہوئے ہیں اس کے علاوہ پانیولہ، کھائیگلہ، تھوراڑ کے کنکشن تیس ہزار کے قریب ہیں، ہزاروں بلات جمع ہوئے ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپےہے-اب تک مرکزی دھرنا اور گردونواح کےعلاقوں میں اگٹھے کیے گئے بلات کی تعداد ہزاروں میں پہنچ چکی ہے جس کے باعث حکومت کا کروڑوں روپے سے زائد کی مالیت کے ریونیو کا حصہ بننے سے رک گیا ہے۔ دوسری طرف تحریک کے محرک عمر نذیر کشمیری کی قیادت میں وفد کی ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہوئے، بل نذر أتش نہ کرنے کی پیش کش مسترد کر دی گئی تھی اور مذاکرات ناکام ہوہے، کچہری چوک راولاکوٹ میں منگل کے روز ریلی کے بعد بلات نظر آتش کر دئیے گئے ہیں اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ نے رواں تحریک کے دوران آج دوسری دفعہ پھر عدالتی بائیکاٹ کر کے احاطہ عدالت میں بجلی کے بل نذر أتش کیے اور ریلی کا حصہ بن گئے, احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ تحریک بجلی بلات پر ناجائز ٹیکسز کے خاتمے اور آٹے پر سبسڈی کی بحالی تک جاری رہے گی، بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار خالد محمود نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء اس عوامی حقوقِ تحریک کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ریلی سے سجاد افضل اور اظہر کاشر نے بھی خطاب کیا جبکہ امتیاز رحمت نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے. دوسری جانب کوٹلی ، میرپور، مظفرآباد کی عوامی ایکشن کمیٹیوں ، بار ایسوسی ایشنز اور سول سوسائٹی نے بھی پونچھ میں جاری تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ریاست گیر سول نا فرمانی کی تحریک میں حصہ لینے کا اعلان کیا، مظفرآباد ڈویثرن میں 31 اگست کو ہونے والے پہیہ جام اور شٹرداون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کی گیا ہے۔
