اہم خبریں

حلقہ بندیوں کی آڑ میں انتخابات کے التواء کی اجازت نہیں دی جاسکتی،سلیم بھٹی

بہاولپور(نیوزڈیسک)ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب محمد سلیم بھٹی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی آڑ میں انتخابات کے التواء کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نگران حکومت 90 روز میں الیکشن کرواکر جمہوری عمل مکمل کرے۔ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب محمد سلیم بھٹی نےمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ نگران حکمرانوں کواپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا، 90 روز میں انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے،ملکی صورتحال کے مطابق انتخابات سابقہ حلقہ بندیوں کے مطابق بھی کروائے جاسکتے ہیں، ملک وقوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئےعوام کی منتخب کردہ حکومت کا ہونا لازمی ہے، حیلے بہانوں سے الیکش کا التواء ملک کےلئے سودمند نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے التواء کے اعلان سے قوم میں مایوسی پیدا ہوئی ہے، الیکشن کے التواء سے آئین کے آرٹیکل 224 کی بھی خلاف ورزی ہوگی، ہمارامعاشرہ عدم استحکام اور بحرانوں کا شکار ہے،صرف عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت ہی ملک وقوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو 90 دنوں میں الیکشن مکمل کرانے کے لئے ہی اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ کیا تھا۔سلیم بھٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے بڑھ کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے سوچ سمجھ کرجذباتیت سے نکل کر فیصلے کرنا ہوں گے،نام نہاد اشرافیہ کی حکمرانی ختم کر کے عوامی راج قازئم کرنا ہوگا، آزمائے ہوئے ثابت شدہ چور، ڈاکو، لٹیرے اور لوٹے نما سیاستدانوں کو سیاست سے نکال باہرکرنا ہوگا جو وطن عزیز کو خون ٓشام جونکوں کی مانند لوٹ کر کنگال کرچکے ہیں۔انہوں نےکہا کہ بھارت، امریکہ سٹریٹیجک پارٹنر شپ اور سی پیک میں اختلافات کے ماحول میں جہاں صورت حال کی سنگینی میں اضافہ ہورہا ہے وہیں پاکستان کے پاس بھی اپنی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی صفوں کو مناسب سمت اختیار کرنے کے مواقع حاصل ہورہے ہیں، حالیہ دنوں میں جس طرح معدنیات کےحوالے سے دنیا بھر میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت ابھر کر سامنے آئی ہے وہ خوش آئند ہے اللہ کے فضل سے آج پاکستان روس کے بعد معدنی وسائل سے مالامال دوسرا ملک ہے جس کے پاس تقریباً 76 ٹریلین ڈالر کے معدنی ذخائر موجود ہیں اگر وطن عزیز میں ایماندار اور مخلص حکمران برسر اقتدار آجائیں تو پاکستان کی ترقی میں کوئی مشکل نہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے بعد آج پھر پاکستان میں بلاول بھٹو کی صورت میں نوجوان قیادت موجود ہےجو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کے سلامتی اور استحکام کےلئے جو کوششیں کیں وہ اقوام عالم میں نمایاں ہیں۔انہوں نےکہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری عمل کو مضبوط بناکر ہر طرح کے اختیارات عوام کی نچلی سطح پر منتقل کرکے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی جو ہماری قومی غربت، مفلسی اور استحصال سے پاک معاشرہ کے قیام میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں