اہم خبریں

سنگین مقدمات میں گرفتارافغان ڈکیت فرار، انجارج انسپکٹر مہراسلم، سب انسپکٹر نورعالم گرفتار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد پولیس کے زیرتحویل ملزمان میں سے اڈیالہ جیل میں منتقل کیا گیا قیدی ایف ایٹ ضلع کچہری کی پارکنگ سے فرار ہونے میں کامیاب گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم کی مبینہ طور پر ہتھکڑی کھولی گئی تھی جس کے بعد وہ پوش رہائشی سیکٹر ایف ایٹ میں واقع ضلع کچہری کی پارکنگ سے فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ضلعی عدالت میں پیشی پر لایا گیا متعدد سنگین مقدمات میں گرفتار افغان ڈکیت پولیس کی تحویل سے فرار ہوگیا۔ ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈکیت علیم خان سکنہ جلال آباد افغانستان راولپنڈی اڈیالہ جیل سے پیشی پراسلام آبادکی ضلعی عدالت میں لایا گیا اور اس دوران عدالت کی پارکنگ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
آئی جی کے سخت احکامات کے بعد کوتاہی برتنے والے بخشی خانہ کے انچارج انسپکٹر مہر اسلم اورنائب انچارج سب انسپکٹر نور عالم کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتارکرلیا گیا۔
اسلام آباد پولیس حکام کو اس وقت واقعہ کا علم ہوا جب اڈیالہ جیل راولپنڈی کے متعلقہ افسران نے ٹیلی فون پر بتایا کہ جیل میں جمع کروائے گئے اسلام آباد پولیس کے ملزمان میں سے ایک خطرناک ملزم شامل نہیں ۔جس پر آئی جی نے باز پرس کی تو ماتحت پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئیں اورآئی جی نے بخشی خانہ اسٹاف کے ساتھ متعلقہ تھانہ کی جانب سے غیرمعمولی غفلت برتنے اور فرار ملزم کی گرفتاری میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہارکیا اورفوری رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ خبریں