اسلام آباد( نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ موجودہ حکومت کوورثہ میں ملنے والی کمزورمعیشت کے باوجود معاشی ترقی اور نمو کے حصول کے لئے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں،حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کاایشیئن انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ بینک کے صدر لی چن کیان سے ورچوئل ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے لی چن کیان کو دوسری بار بینک کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی قیادت میں بینک مستقبل میں بھی ترقی کاسفرجاری رکھیں گا ۔ وزیر خزانہ نے ایشیئن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک اورپاکستان کے درمیان گہرے رابطوں پرروشنی ڈالی اورکہاکہ بینک نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو ورثہ میں کمزورمعیشت ملی ہے لیکن اس کے باوجود چیزوں کو درست سمت میں کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور معاشی ترقی ونمو کے حصول کے لئے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن ہے۔ وزیر خزانہ نے بینک کے صدر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اس سے پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بینک کے صدر کو 2023 میں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔بینک کے صدرنے پاکستان اور بینک کے درمیان تعلقات کوسراہا اورکہاکہ پاکستان ایشیئن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کا اہم رکن ملک ہے۔ انہوں نے عوام کی سماجی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو بھی سراہا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں بینک کے کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے لئے بینک کی مکمل حمایت اور تعاون کایقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت پربینک کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔