مظفرآباد(نیوزڈیسک) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل ظہیر اختر، سیکرٹری قانون ولوکل گورنمنٹ ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری اطلاعات و برقیات انصر یعقوب خان، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر لیاقت، ایڈیشنل آئی جی پولیس طاہر محمود قریشی، سپیشل سیکرٹری داخلہ خالد محمود، کمشنر مظفرآباد عدنان خورشید،ڈی آئی جی پولیس عرفان مسعود کشفی، ڈپٹی کمشنر مظفرآبادطاہر ممتاز جبکہ میرپور اور پونچھ کے کمشنرز، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس یس پیز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز نے چیف سیکرٹری کو محرم الحرام کے دوران سیکورٹی و دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں،مجالس اورجلوسوں کیلئے مقررکردہ روٹس اور وقت کی پابندی کو یقینی بنا کر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کیلئے انتظامیہ پولیس کو مکمل معاونت فراہم کرے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پلان تیار ہونا چاہئے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا کی بھی موثر مانیٹرنگ کی جائے اور سوشل میڈیا پر جو شرپسند عناصر مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کرے تو انکے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔چیف سیکرٹری نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے سیکرٹری برقیات کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران بجلی کی کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے تاکہ مجالس کے شرکاء کو سہولت میسر آئے۔ چیف سیکرٹری نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران ایمبولینس اور طبی عملہ کہ دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیکرٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کی موثر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ نامناسب مواد کی سوشل میڈیا پر تشہیر کو روکا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مسالک کے علماء سے رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔
