اسلام آباد،مظفرآباد(نیوزڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا،یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو اس بات کی یاد دہانی کرانا ہے کہ سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرارداد وں پر عملدرآمد نہیں ہوا،اسی مناسبت سے آج دنیا بھر میں ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیاگیا تاکہ اقوام متحدہ کو یاد دلایا جاسکے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو بھارتی جبر و استبداد سے نجات دلائے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد میں اقوامِ متحدہ سے 5 جنوری 1949 کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم بند کرانے اور مودی حکومت کے5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کی منسوخی کے مطالبے کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی ۔ مظفرآباد میں برہان وانی شہید چوک سے نکالی گئی ریلی میں خواتین ، بچوں اور بزرگوں سمیت سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ر یلی کی قیادت پاسبانِ حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر محمد مشتاق خان، حریت رہنما مشتاق احمد بٹ، مشتاق السلام کے علاوہ محمد نوراللہ قریشی ایڈووکیٹ، چوہدری محمد اسماعیل، چوہدری فیروزدین، چوہدری محمد مشتاق، حافظ بلال احمد فاروقی، عبدالرزاق خان، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، شوکت جاوید میر ، جاوید احمد مغل اور دیگر رہنما نے کی ۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرکشمیریوں کے حق خودارادیت اوررائے شماری کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے اور انہوں نے سیاہ جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے اس موقع پر “گو انڈیا گو بیک،بھارتی غاصبوں جموں وکشمیر چھوڑ دو،جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے اور ویک اپ ویک اپ اقوام متحدہ”جیسے نعرے بھی بلند کئے ۔ریلی کے مقررین نے کہا آج 5 جنوری کویوم حق خودارادیت منانے کا مقصد پوری دنیا بالخصوص اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی کے رکن ممالک کو جموں کشمیر سے متعلق انکی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے۔ سات دہائیوں سے جموں کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہوئے رائے شماری سے متعلق عالمی برادری کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں جبکہ بھارتی قابض فورسز انہیں مسلسل بدترین ظلم و تشدد اور ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بھارت جموںو کشمیر سے متعلق اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے مسلسل انکارکررہا ہے ، جس سے دنیا بھر کے سامنے اس کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہو گئی ہے ۔ مقررین نہ کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو فوجی طاقت ،کالے قوانین اور ریاستی ظلم و جبر سے کمزور نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جس کیلئے انہوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ ریلی کے شرکا نے دومیل میں قائم اقوامِ متحدہ کے دفتر تک مارچ کیا جہاں عالمی ادارے کے مبصر ین کو ایک یادداشت پیش کی گئی جس میں 5 جنوری 1949کی قرارداد پر عملدرآمد، 5 اگست 2019کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی منسوخی اور کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں تادیبی کارروائی کے مطالبات درج تھے ۔