اہم خبریں

وزیر اعظم آزادکشمیر و جموں کشمیر تنویر الیاس ڈسٹرکٹ ہسپتال،سٹی تھانہ پہنچ گئے،مریضوں وقیدیوں سےملاقات،تھانہ کی اپ گریڈیشن،ماڈل سٹی پولیس سٹیشن بنانےکااعلان

ایف آئی آر آن لائن درج ہوگی
میرپو ر(بیورورپورٹ) آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کا تھانے کا سرپرائز وزٹ۔تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا بغیر پروٹوکول میرپور شہر کا دورہ ، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور اور سٹی تھانہ میرپور کے اچانک دورے کئے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور میں مختلف وارڈزکا دورہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی ، آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کیلئے ایک لاکھ روپے نقدکا اعلان کیا اور 18 نومولود بچوں کو فی کس 30 ہزار نقد دیئےگئے۔ سٹی تھانہ میرپور میں ریکارڈ کا ملاحظہ کیا۔ اس دوران ایس ایچ او سٹی تھانہ کی جانب سے 1948 میں درج کی گئی پہلی ایف آئی آر ملاحظہ کیلئے پیش کی گئی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے جوڈیشل لاک اپ میں قید ملزمان سے بھی ملاقات کی اور معمولی نوعیت کے الزام میں قید ایک ملزم کی رہائی کے احکامات جاری کئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے پولیس اسٹیشن کے سارے عملے اور قیدیوں کے کھانے کیلئے 2 لاکھ روپے نقد کا اعلان کیا۔ ایس ایس پی میرپور اور ایس ایچ او تھانہ سٹی کی طرف سے میرپور سٹی میں جرائم کی بیخ کنی اور بلائنڈ کیس میں ملزم کی بروقت گرفتاری پر انکے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور حوصلہ افزائی کیلئے انعام کا اعلان کیا۔آخر میں سٹی پولیس سٹیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے سٹی تھانہ کو اپ گریڈیشن، میرپور ماڈل سٹی پولیس سٹیشن بنانے کا اعلان کیا اور میرپور میں آزاد کشمیر کے پہلے ویمن پولیس سٹیشن کے قیام کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم تنویر الیاس اچانک سٹی تھانہ میرپور پہنچ گئے جہاں انھوں نے حوالاتیوں سے بات چیت کی اور ان کے جرائم کی نوعیت کے بارے میں پوچھا۔حوالاتیوں نے جب اپنے جرائم بیان کیے تو وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جرائم یافتہ ملزمان کی کوئی مدد نہیں کرسکتے البتہ ایک معمولی جرم میں ملوث ملزم کی فوری رہائی کا حکم دیا۔بعدازاں وزیر اعظم نے سٹی تھانہ میرپور کی مجموعی کارکردگی پر ایس ایس پی میرپورراجہ عرفان سلیم اور ایس ایچ او وسیم نواز سمیت جملہ پولیس سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے پولیس تھانے ماڈل تھانے ہونے چاہئیں۔ ایف آر آن لائن درج کروانے اور پولیس ریفارمز لانے سمیت ہر ضلع میں ٹریفک کا ایس پی تعینات کریں گے۔ٹریفک پولیس، ٹورازم پولیس اور ویمن پولیس سمیت سپیشل برانچ کو سی آئی ڈی طرز پر متحرک کیا جائے گا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے تھانہ سٹی کے رجسٹر میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

متعلقہ خبریں