اہم خبریں

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ، مشترکہ میراث اور عوام سے عوام کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جو مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں،برطانیہ پاکستان کا سب سے بڑا یورپی تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت دار ہے،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی رفتار سے دونوں ممالک کے مفاد میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے وزیراعظم ہائوس میں الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے فروغ بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں ڈاکٹر ٹرنر کی خدمات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والے سیلاب کے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے برطانیہ کے تعاون میں برطانوی ہائی کمشنر کے فعال کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے انگلش کرکٹ ٹیم کے 17 سال بعد پاکستان کے دورہ کیلئے کلیدی کردار ادا کرنے پر ہائی کمشنر کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں برٹش ایئرویز کے کمرشل فلائٹ آپریشن کی بحالی میں ان کے نمایاں کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے ہائی کمشنر کے لئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

متعلقہ خبریں