اہم خبریں

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قومی ترقی اور عوامی مفاد کو ترجیح دی، رانا ثناء اللہ خان

اسلام آباد(اے بی این نیوز    ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قومی ترقی اور عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ شب سرگودھا روڈ پر 4چک رام دیوالی میں مختلف آبادیوں کو گیس کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی اس علاقہ کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جو بارشی موسم کی سختی کے باوجود پورا کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی اس نے ملک میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا تا کہ ملک کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 2018میں ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا مگر افسوس کہ ایک سازش کے تحت مسلم لیگ کی حکومت کو گرایا گیا اور عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا جس نے ملک میں سوائے نفرت کا بیج بونے کے اور کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تقریباً چار سال تک پاکستان پر حکومت کی مگر اس عرصہ کے دوران اس نے سوائے اپنے مخالفین کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں ملوث کرنے کے اور کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی دور میں ان پر بھی ایک ایسا ہی جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ بنایاگیا جس کے متعلق انہیں عدالت جا کر علم ہوا کہ ان کی گاڑی سے پندرہ کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں پہلی باری عمران فتنہ ملک پر مسلط کیا گیاجس نے اپنے آپ کو فرشتہ اور باقی سب کو چور کہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں میاں شہباز شریف نے چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی اور بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ مگر اس نے کہا کہ آپ چور ہیں اور این آر او لینا چاہتے ہیں۔ حالانکہ ملک میں ترقیاتی کام ہم نے ہی کروائے تھے۔ اس کے چارسالہ دور میں تو ایک بھی ترقیاتی پروگرام شروع نہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب بھی ملک میں بحرانی کیفیت پیداہوئی، مسلم لیگ ن نے ہی اس پر قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی عروج پر تھی۔ اس پر قابو مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہی پایا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

متعلقہ خبریں