اسلام آباد ( نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انتشار کے باوجود بھی ہم پاکستان کو مستحکم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اقتصادی لحاظ سے کمزور ملک کو قلیل عرصے میں مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کر دیا ہے، مستقبل میں اس کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ پچھلی حکومت کے ایک اہم مالیاتی عہدے دار نے 2021 میں ہی کہہ دیا تھا کہ ملک بینک کرپٹ ہو چکا ہے، موجودہ حکومت نے نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ محدود مدت میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہمارے محدود دور میں ایک سیاسی پارٹی نے ملک میں مسلسل افراتفری اور انتشار پھیلائے رکھا، آئندہ الیکشن میں عوام اور ملک دوست پارٹیاں کامیاب ہوں گی، تشدد پسند اور سازشی عناصر کو عوام مسترد کر دیں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ بڑے بڑے دعوؤں، وعدوں اور نعروں سے ملک نہیں چلتے، عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے مسلسل محنت اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے۔